Live Updates

پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم ہے، سعید غنی

عمران خان اور الطاف حسین میں کوئی فرق نہیں دونوں شہر میں دہشت گردی اور غندہ گردی کی سیاست کرتے ہیں تحریک انصاف جان بوجھ کر شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کے لوگ ایم کیو ایم کے اشاروں پر چلتے ہیں، پریس کانفرنس

پیر 7 مئی 2018 20:54

پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم ہے، سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر وصوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جان بوجھ کر شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے ، بنا کسی درخواست اور اجازت کے کس طرح گلشن اقبال میں جلسہ ممکن ہے ،پی ٹی آئی کے رہنما صرف کیمپ لگانے پر اپنا قبضہ اور غنڈہ گردی کے عیوض جلسہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم ہے۔

وہ پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر وصوبائی وزیر سعید غنی نے پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے جاوید ناگوری، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، نجمی عالم اور سعدیہ جاوید بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی شہرمیں بے چینی کی صورت حال پیدا کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے گلشن اقبال میں جلسہ سے قبل ڈپٹی کمشنر شرقی سے جلسے جلوسوں کے حوالے سے تفصیلات لے کر جمعہ کے روز درخواست جمع کروائیں۔ جبکہ پی ٹی آئی نے 4مئی کو سوشل میڈیاپر آفشیل طریقے سے مزار قائد وی آئی پی گیٹ پر جلسہ منعقد کیا جو مقامی ٹی وی چینلز نے ٹیکرز بھی چلائے۔

پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم کا رول ادا کررہی ہے۔ جلسہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی سے جب فون پر بات ہوئی تو انہوں نے ہماری ساری چیزیں قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے رات کو یہ فیصلہ کیا ہے کہ جلسہ پیپلز پارٹی والے مقام پر ہوگا اور جس طرح جلسہ کے مقام پر ہمارا قبضہ اور کیمپ قائم ہے تو جلسہ کا اختیار بھی ہمارا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت میں رہنے کے باوجود لیاقت آباد جلسہ اور گلشن اقبال جلسے میں قانونی تقاضے پورے کررہی ہے۔

اس سے قبل لیاقت آباد جلسہ میں بھی مہاجر قومی موومنٹ کے جلسہ کے حوالے سے آفاق احمد سے فون پر رابطہ ہوا اور انہیں ٹنکی گراؤنڈ جلسہ کے حوالے سے بتایا کہ اگر آپ تاریخ بڑھا سکتے ہے تو بتا دیں بصورت ہم جلسہ کی تاریخ پر نظر ثانی کرے تو انہوں نے اپنے جلسہ کی تاریخ بڑھا دی۔ پی ٹی آئی کراچی میں غندہ گردی اور بدمعاشی کی سیاست کررہی ہے اور یہ ایم کیو ایم کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے لوگ ایم کیو ایم کے اشاروں پر چلتے ہیں۔ جس طرح لیاقت آباد جلسہ کے بعد ایم کیو ایم کے پاؤں تلے زمین نکل گئی ہے اور ایم کیو ایم نے اپنی بی ٹیم کو میدان میں اتار دیا ہے۔ پی ٹی آئی والوں کے پاس نہ اخلاقی اور نہ سیاسی سوچ ہے جبکہ ان کی طرز سیاست جاہلانہ سیاست پر مبنی ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ ہم آج باقاعدہ جلسہ کے حوالے سے کیمپ اور انتظامات شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جب علی زیدی سے بات کی گئی اور ان سے انصاف کی توقع کی گئی تو انہوں نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ سعید غنی نے کہا کہ 12مئی کا جلسہ لیاقت آباد سے بڑا جلسہ ہوگا اور اسی دن عمران خان کا بھی جلسہ ہے جس میں اگر عوام کی شرکت نہ ہوئی تو عمران خان اپنی کراچی تنظیم کی چھٹی کردیں گے اور پی ٹی آئی کے آپس کی گروپنگ کی وجہ سے یہ ساری صورت حال پیدا ہورہی ہے۔

پی ٹی آئی کا ایک گروپ مزار قائد جبکہ دوسرا گروپ گلشن اقبال میں جلسہ کا اعلان کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حالات کو کنٹرول میں رکھے سیاسی گشیدگی نہ پیدا کرے جس کے سبب گلی محلوں میں انتشار برپا ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور الطاف حسین میں کوئی فرق نہیں دونوں شہر میں دہشت گردی اور غندہ گردی کی سیاست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہر نام پر بدل سیاست کرنے والوں کو مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قبل جب پی ٹی آئی نے مزار پر جلسہ کیا تو ایم کیو ایم سے اجازت لی اور حلف اٹھایا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس قبل ایم کیو ایم کے میئر وسیم اختر کیلئے فردوس شمیم نقوی ووٹ مانگتے رہے اور ڈی ایم سی ویسٹ کے چیئرمین کیلئے انہوں نے قرآن پر حلف اٹھانے کے باوجود ایم کیو ایم کو ووٹ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی تشہیر کیلئے کراچی میں یہ سب ڈرامہ رچا رہی ہے۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات