میئر سکھر کی زیر صدارت بلدیہ اعلیٰ سکھر کا پانچواں عام اجلاس کا انعقاد

منگل 8 مئی 2018 00:00

سکھر۔ 7مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) میئر سکھر میونسپل کارپوریشن بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت بلدیہ اعلی سکھر کا پانچواں عام اجلا س منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی میئر طارق چوہان ، یو سی چیئرمین عبدالخالق جتوئی ، محمد حنیف میمن ، فرید صدیقی ، احسان علی لاشاری ، اجمل خان ملک ، وزیر علی مہر ، ممتاز کھوکھر، سید نسیم ہاشمی ، محمد یاسین آرائیں، امیر بخش عرف میر مہر ، ذوالفقار علی قریشی ، ڈاکٹر علی نواز کھوسو، پیر الدین بروہی، عابد گل مہر، اقلیتی رکن ایشور لعل، لیڈیز اراکین آپا ممتاز بیگم ، خالدہ صدیقی، عذرا جمال ، ماریہ احسان، قمر النساء، زینت بانو بھنبھرو، زاہدہ ، غزالہ کاشف و بلدیہ افسران نے شرکت کی۔

میئر سکھر نے اجلاس میں خطاب کرتے کہا کہ بلدیہ میں میرٹ اور اور قانونی تقاضوں کے مطابق احکامات پر عمل کیا جائے جس کے لئے جزا و سزا ضروری ہے جبکہ افسران و اسٹاف فرض شناسی اور عملی جذبہ سے شہر کی خدمت کو شعار بنائیں اسی طرح منتخب چیئرمین مسائل کے حل میں عملی کردار ادا کریں اور ہر کام میں شفافیت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کونسل کے فیصلوں پر بلاتاخیر عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ اعلیٰ سکھر کے 5 ویں عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے مالی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ بلدیہ کے قطعات اراضی پر کمرشل بنیادوں پر تعمیراتی منصوبوں مہران مرکز سمیت بلدیہ کی تمام جائیدادوں سے زیادہ سے زیادہ مالی وسائل کے حصول کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے تمام محکمے متحرک و فعال کردار ادا کریں ، ان منصوبوں کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ شہریوں کو جدید سہولتیں فراہم کی جاسکیں اور صحت صفائی ستھرائی ، فراہمی و نکاسی آب کی سہولتیں ہر شہری کو حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے علاقوں میں واٹر ٹینکرز سے پانی فراہم کی جائے جبکہ حسب ضرورت 20 با?زر تک کرایہ پر لئے جائیں اور دو با?زر کی فوری طور پر مرمت بھی کرائی جائے ‘ والوز آپریشن کو مکمل فعال کیا جائے مانیٹرنگ سختی سے کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ میں کونسل کا ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے کمیٹیوں کی تشکیل کا اختیار دیا لیکن قانون کے مطابق کمیٹیوں کی تشکیل خفیہ رائے دہی سے پیر کے دن ہوگی۔

اس لئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ منشور ہے کہ قانون پر عمل کیا جائے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ الیکشن کمشنر ہونگے جبکہ جمعرات تک نامزدگی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور پیر کو کمیٹیوں کا خفیہ رائے دہی پر انتخاب ہوگا، انہوں نے مختلف فنی اسامیوں پر ڈیلی ویجز کی بنیاد پر بھرتیوں کی منظوری لی جبکہ ملازمین کی پروموشن، اپ گریڈیشن رولز کے مطابق کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہر یونین کونسل میں صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز پیر سے یو سی 1 سے کیا جارہا ہے اس کے بعد مرحلہ وار تمام یونین کمیٹیوں میں مکمل طور پر صفائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر ورکس فیز III کے لئے بجلی کا کنکشن آئندہ چند روز میں مل جائے گا کیونکہ واٹر ورکس کو جنریٹر سے چلانے کے لئے فیول کی مد میں بہت زیادہ اخراجات ہوتے ہیں تاہم اس کے لئے بھی ایک کمیٹی بنائی جائے ، انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اور تعمیر و مرمت کے کام تیزی سے مکمل کئے جائیں اور ٹھیکیداروں کو کام کے بعد فوری ملبہ اٹھانے اور تعمیراتی جگہوں پر بورڈ لگانے کی ہدایت کی جائے جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے پاس کھلے ہوئے نالوں کو بند کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے میر معصوم شاہ لائبریری کی بہتری کے لئے ڈاکٹر علی نواز کھوسو، ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے بتایا کہ لائبریری کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جارہا ہے جبکہ لائبریری کا برٹش قونصل سے الحاق کرادیا گیا ہے ، لائبریری میں سولر سسٹم کے ساتھ ساتھ فرنیچر بھی فراہم کیا جائے گا ، انہوں نے اپنے میئر شپ کے دور کے اخبارات کے بلز کی ادائیگی کی منظوری دی ، انہوں نے کہا کہ شہر میں خوبصورتی اور سائے کے لئے گل مہر کے درخت لگائے جارہے ہیں وہ اب جولائی تک موخر کردیا گیا ہے اس موقع پر ان کی توجہ دلائی گئی کہ درختوں کی حفاظت کے لئے جو جالیاں لگائی جارہی ہیں ان کی جگہ لوہے کی خوبصورت جالیاں لگائی جائیں۔

انہوں نے خواتین ممبران کے لئے خصوصی فنڈ سے 10 لاکھ روپے مالیت کی سلائی مشینیں ، جہیز اور امدادی سامان اور ووکیشنل اسکول کو 15 سلائی مشینیں خریدنے کی منظوری دی ، انہوں نے ہدایت کی کہ سینیٹری ورکرز کو سب سے پہلے تنخواہ ادا کی جائے اور ڈیلی ویجز والے سینیٹری ورکرز کو ہر 15 دن کے بعد تنخواہ ادا کی جائے۔ انہوں نے چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر کو ہدایت کی کہ مکینکل سوئپنگ کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی صفائی کی جائے ، انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پارکس جاوید اختر کی پروموشن کی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے خط کی روشنی میں منظوری دی۔

میئر سکھر نے ڈپٹی میئر طارق چوہان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ طارق چوہان دن رات محنت اور لگن سے خدمات انجام دے رہیں جو باعث تحسین ہے اسی طرح تمام یو سی چیئرمینز اور زون انچارج بھی دلچسپی لیکر کام کریں۔