پیپلز پارٹی کے کارکن نشے میں دھت تھے؛ میرے کپڑے پھاڑ دئیے

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 8 مئی 2018 11:55

پیپلز پارٹی کے کارکن نشے میں دھت تھے؛ میرے کپڑے پھاڑ دئیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔اور کراچی کا حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بن گیا.اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن نشے میں دھت تھے۔

انہوں نے مجھے گندی گندی گالیاں دیں اور میرے کپڑے پھاڑ دئیے۔عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں تو یہاں پر صلح کروانے آیا تھا لیکن پیپلز پارٹی کے کارکنان نے میرے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔عامر لیاقت کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے غنڈوں نے مجھ پر تھانے میں حملہ کیا تھا اور مجھے ماں بہن کی گالیاں دیں اور میرے کپڑے پھاڑ دیے, یہ کیا لوگوں کو روٹی کپڑا مکان دیں گے جو کپڑے پھاڑ دیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے کارکنان عزیز بھٹی تھانے کے باہر مشتعل ہیں۔ صورت حال بے قابو ہوجائے گی اگر گریبان پھاڑنے والوں کو بھاگنے دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے حکیم سعید گراونڈ پر موجود تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکن آپس میں الجھ پڑے تھے۔جس کے بعد کراچی کا حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بن گیا تھا۔ کراچی کے حکیم سعید گراونڈ پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم جلسہ کرنے کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے کے باعث ہوا تھا۔دونوں جماعتیں بضد ہیں کہ 12 مئی کو حکیم سعید گراونڈ پر جلسہ ان کی جانب سے کیا جائے گا۔ تصادم کے دوران پیپلز پارٹی پر تحریک انصافکے کیمپ پر حملہ کرکے اسے اکھاڑ پھینکنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ تحریک انصاف والوں نے ان کے کارکنوں کو اشتعال دلایا۔ تصادم کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شدید پتھراو بھی کیا گیا۔