محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں ملوث افراد کی رہائی انصاف دینے سے انکار کے مترادف ہے ،نفیسہ شاہ

منگل 8 مئی 2018 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں ملوث پانچ افراد کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے پر سخت تشویش کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں ملوث پرویز مشرف کو پہلے ہی بیرون ملک جانے دیا گیا اور وہ پاکستان آکر مقدمے کا سامنا کرنے سے گریزاں ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کے جرم میں جن پولیس آفیسروں کو سزا سنائی گئی تھی کو نہ صرف ضمانت پر رہا کیا گیا ہے بلکہ انہیں عہدوں پر بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید عوام کی دو مرتبہ منتخب وزیراعظم تھیں اور عالمی لیڈر تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں ملوث افراد کی رہائی انصاف دینے سے انکار کے مترادف ہے اور اس عمل سے ان عناصر کی حوصلہ افزائی ہوگی جو ریاست کی رٹ چیلنج کرتے رہے ہیں اور دہشتگردی کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عوام کی مقبول رہنما کے قاتلوں کی رہائی بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں حکومت کی طرف سے مقدمے کی پیروی کرنے والے وکیل کو سرعام قتل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کی بہت بڑی اکثریت کی اس شکایت کو تقویت مل رہی ہے کہ انصاف کے ایوانوں سے بھٹو کو کبھی انصاف نہیں ملا۔