مختلف شہروں میں زلزلہ کے شدید جھٹکے، ریکٹر سکیل پر شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی

بدھ 9 مئی 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکٹر ریکارڈ کی گئی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بدھ کی سہ پہر اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

ان علاقوں میں لاہور، اسلام آباد، پشاور، خیبر ایجنسی، سوات اور مانسہرہ شامل ہیں تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ میں 97 کلومیٹر گہرائی میں تھا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکٹر ریکارڈ کی گئی۔ قبل ازیں صبح کے اوقات میں خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں سوات، ہنگو، چارسدہ، صوابی، مانسہرہ، بنوں میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے، قبائلی علاقہ جات مالاکنڈ، خیبرایجنسی، اورکزئی، کرم ایجنسی میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز بنوں سے 20 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔