Live Updates

پیپلز پارٹی رہنما نے پاکستان تحریک انصاف پر سنگین الزام لگا دیا

پاکستان تحریک انصاف نے پانچ سال پہلے کراچی میں جلسے کرنے کے لیے ایم کیو ایم کی قیادت کو پیسے دئیے تا کہ وہ جلسہ میں لوگ مہیا کریں، پیپلز پارٹی کے رہنما کریم خواجہ کا پی ٹی آئی پر الزام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 مئی 2018 13:11

پیپلز پارٹی رہنما نے پاکستان تحریک انصاف پر سنگین الزام لگا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی 2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کریم احمد خواجہ نے پاکستان تحریک انصاف پر سنگین الزام عائد کر دیا۔پیپلز پارٹی رہنما کریم خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پانچ سال پہلے کراچی میں جلسے کرنے کے لیے ایم کیو ایم کی قیادت کو پیسے دئیے تا کہ وہ جلسہ میں لوگ مہیا کریں۔تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما کریم احمد خواجہ کا نجی ٹی وی چینل کے ایک ہروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سے پانچ سال پہلے جب پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں جلسہ کرنا تھا تو تب تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کو پانچ، سات کروڑ روپے دئیے تھے کہ آپ ہمیں تحفظ بھی فراہم کریں اور جلسے میں لوگوں بھی مہیا کریں۔

کریم خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی الزام نہیں ہے بلکہ اس بات کا علم کراچی کے بچے بچے کو ہے۔

(جاری ہے)

کریم خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف پر الزام عائد نہیں کر رہا بلکہ یہ خبر اس وقت تمام اخبارات میں بھی آئی تھی۔پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہا پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کے پاس کوئی ثبوت موجود ہیں کہ وہ پاکستان تحریک انصاف نے جلسہ کروانے کے لیے ایم کیو ایم کو پیسے دئیے تھے تو وہ ثبوت پیش کریں۔محض الزامات لگانے سے کچھ نہیں ہوتا۔اگر ان کے پاس واقعی میں کوئی ثبوت ہیں تو وہ مجھے دیں تا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو پیش کروں۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ اگلے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بنائے گی اور عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔مزید کیا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے:
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات