Live Updates

عمران خان کے ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کے بیانیے کو بیحد پذیرائی مل رہی ہے‘ جمشید چیمہ

جمعرات 10 مئی 2018 14:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر ،این اے 136سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کے بیانیے کو بیحد پذیرائی مل رہی ہے ، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کیساتھ کئی دہائیوں کی وابستگی رکھنے والے لوگ مایوس ہو کر عمران خان کی نئے پاکستان کے قیام کیلئے جاری جدوجہد میں شامل ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 136کی مختلف یونین کونسلوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب اور مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے اور انشا اللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر نعروں کی بجائے بلا تاخیر الگ صوبے کے قیام کیلئے پیشرفت کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہم لاہور کی ترقی کے مخالف نہیں بلکہ ہمارا موقف ہے کہ باقی شہروں اور دیہاتوں میں بسنے والے بھی اسی صوبے اور ملک کے باشندے ہیں ان کے ساتھ کیوںامتیازی سلوک روا رکھا گیا ۔ شہباز شریف کی نظر میں شہر کی چار سڑکوں کی تعمیر ہی ترقی ہے جبکہ لاہور جیسے شہر میں عوام کو صحت ، تعلیم کی بنیادی سہولیات اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این اے 136لاہور کا حلقہ ہے لیکن یہاں پسماندگی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ اس کے برعکس حکمران شہد اور دودھ کی نہر یں بہادینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صاحب پہلے پنجاب میں دس سال کی گئی حکمرانی کا حساب دیں اس کے بعد آپ باقی صوبوں کی عوام کو ترقی کے خواب دکھائیے گا ۔انہوںنے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو ووٹ دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات