ایف پی سی سی آئی الیکشن2019 میں اپوزیشن کو ایک اور عبرتناک شکست دینے کیلئے یو بی جی ٹاسک فورس کا قیام

وزیر اعظم اور وزیر خزانہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے ایکسپورٹرز کو 400ارب روپے کے ریفنڈز ادا کردیں تو ملکی برآمدات میں تیزی آسکتی ہے ،ْایس ایم منیر

جمعرات 10 مئی 2018 16:17

ایف پی سی سی آئی الیکشن2019 میں اپوزیشن کو ایک اور عبرتناک شکست دینے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) ایف پی سی سی آئی میں سراقتدار یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹڈاپ)کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات برائی2019 میں اپوزیشن کو ایک اور عبرتناک شکست دینے کئی پلاننگ کرلی ہے اور اس سلسلے میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں آگیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اکرام راجپوت کی جانب سے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میںکیا،ٹاسک فورس کے سربراہ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور زبیرطفیل اور خالدتواب ہونگے جبکہ ٹاسک فورس کے اراکین کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سینیٹر امام الدین شوقین، صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ،پی ایس پی کے رہنما شبیرقائم خانی،ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر مظہراے ناصر،نائب صدر طارق حلیم، زبیرطفیل،خالدتواب،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،گلزارفیروز،عبدالسمیع خان، حاجی یعقوب،گوہراللہ، شکیل ڈھینگڑا،حنیف گوہر،اشرف مایا، فرحان حنیف اور دیگر تاجراور صنعتکار موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں ایکسپورٹرز کے سیلزٹیکس،انکم ٹیکس ریفنڈز نہ دے کر وعدہ خلافی کی ہے حالانکہ حکومت نے یہ الیکشن بجٹ دیا تھا اور فزنس فرینڈلی بجٹ دیتی تو اسے آئندہ الیکشن میں زیادہ فائدہ پہنچ سکتا تھالیکن اب بھی کچھ نہیں بگڑا ،اگر وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اپنی حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے ایکسپورٹرز کو انکے 400ارب روپے کے ریفنڈز ادا کردیں تو ملکی برآمدات میں تیزی آسکتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں جلد ہی سیاسی استحکام ہوگا جس سے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان میں یونائٹیڈبزنس گروپ کا منشوربزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانا اور حکومت کومعاشی اصلاحات کیلئے تجاویز دینا ہے اور ہم اپنے چیئرمین افتخار علی ملک اور دیگر تاجرلیڈران کے ساتھ بخوبی یہ کام کررہے ہیں، ایف پی سی سی آئی میں ہم نے ملک بھر کے تاجروں‘ صنعتکاروں کے مسائل حل کروائے ہیں‘ تین سال مسلسل کامیابی کے بعد اس سال چوتھی مرتبہ بھی یو بی جی کے تما م عہدیدار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور آئندہ سال کے انتخابات میں یو بی جی مخالف گروپ کو ایسی عبرتناک شکست دے گا جس کے بعد ہمارے مقابلے میں الیکشن لڑنے کیلئے اپوزیشن کو بار بار سوچنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یو بی جی کے پلیٹ فارم پر منتخب تمام فیڈریشن کے صدور پر فخر ہے اور انہوں نے یو بی جی منشور کے مطابق کام کیا۔گزشتہ سال زبہر طفیل نے تاریخی کام کئے جبکہ میاں ادریس اور عبدالرئوف عالم نے بزنس کمیونٹی کے سرکو فخر سے بلند کیااسی طرح غضنفربلور بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنی ٹیم کے سارھ کوششوں میں مصروف ہیں۔

ایس ایم منیرنے کہا کہ پاکستان معاشی مسائل اور چیلنجز میں گھرا ہوا ہے،انڈسٹریلائزیشن کا عمل رک گیا ہے، صنعتکاربرادری اپنی سوچ میں تبدیلی لائے اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی طرف راغب ہوکر بی ایم آر‘ ویلیو ایڈیشن اور برانڈنگ پر تمام ترتوجہ دینی چاہیے کیونکہ اس کے بغیر ہم حریف ممالک سے مسابقت نہیں کرسکتے، ملک میں بجلی اور گیس کے نرخ حریف ممالک کے مقابلے میں اتنے زیادہ ہیں کہ برآمد کنندگان ان سے مسابقت نہیں کرپارہاہے جسکا ادراک حکومت کو کرنا ہوگا۔