نوازشریف پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر گٹھ جوڑ کا الزام لگا رہے ہیں،حقیقت یہ ہے کہ تمام تعیناتیاں خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی نے مل کر کی ہیں،فواد چوہدری

300 ارب روپیہ 16 اکاؤنٹس میں کہاں سے آیا اس کا جواب دیں،آپ کے بچوں نے 16 کمپنیاں کیسے قائم کیں اس کا جواب دیں،لندن میں جائیدادیں کیسے بنائیں آپ نے اس کا جواب دیں،اداروں پر اعتبار نہ کریں نیب پر اعتبار نہ کریں ان تین سوالوں کے جواب میڈیا پر بتادیں، آپ کے پاس کوئی جواب نہیں ہے جب جواب نہ ہو تو پھر الزامات لگائے جاتے ہیں اور وہی آپ کر رہے ہیں،نوازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعرات 10 مئی 2018 21:20

نوازشریف پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر گٹھ جوڑ کا الزام لگا رہے ہیں،حقیقت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف پر گٹھ جوڑ کا الزام لگا رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام تعیناتیاں خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی نے مل کر کی ہیں اور اس سے پہلے کی تعیناتیاں خورشید شاہ اور نواز شریف نے مل کر کی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بڑی عجیب بات ہے کہ آپ پہلے آرمی چیف کی تعیناتی کریں پھر انہی کے ادارے کے خلاف مہم کا آغاز کردیں،چیف جسٹس کی تعیناتی کریں اس کے بعد آپ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف مہم شروع کر دیں،چیئرمین نیب کی تعیناتی بھی آپ ہی نے کی اور اب ان کے خلاف آپ مہم کا آغاز کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ یا تو آپ یہ بات مان لیں کہ آپ لوگوں کو تعینات کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے یا یہ بات مان لیں کہ آپ جس کو بھرتی کریں وہ آپ کے ذاتی ملازم کی طرح کام کرے اور آپ کی ہی بات آگے لے کر چلے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اداروں کے سربراہان کا پہلا ایجنڈا ملک ہوتا ہے ملک ہونا چاہیے اور ملک ہے۔آپ کی کرپشن پر سوال نہ کیا جائے تو پھر ملک بھی ٹھیک ہے جمہوریت بھی واپس آجاتی ہے اور ادارے بھی آپ کے ساتھ ہیں ۔

کرپشن کے الزامات کسی ادارے نے آپ پر نہیں لگائے ، آپ کی کرپشن تو بین الاقوامی سکیمز کے اندر آشکارا ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ جن سوالات کی بنیاد پر یہ کارروائی ہورہی ہے آپ ان کا جواب کیوں نہیں دیتے۔300 ارب روپیہ 16 اکاؤنٹس میں کہاں سے آیا اس کا جواب دیں۔آپ کے بچوں نے 16 کمپنیاں کیسے قائم کیں اس کا جواب دیں۔لندن میں جائیدادیں کیسے بنائیں آپ نے اس کا جواب دیں۔اداروں پر اعتبار نہ کریں نیب پر اعتبار نہ کریں ان تین سوالوں کے جواب میڈیا پر بتادیں۔لیکن آپ کے پاس کوئی جواب نہیں ہے جب جواب نہ ہو تو پھر الزامات لگائے جاتے ہیں اور وہی آپ کر رہے ہیں۔