اورنگی ٹائون میں شمسی توانائی سے چلنے والے تیسرے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

کوکا ۔ کولا کے اشتراک سے زندگی پروجیکٹ کے تحت اورنگی ٹائون میں شمسی توانائی سے چلنے والے 5واٹر فلٹریشن پلانٹس تعمیر ہونگے

جمعرات 10 مئی 2018 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) کوکا۔کولا نے پروجیکٹ ’ زندگی‘ کیلئے روٹری پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈ ی پی )کے ساتھ ملک میں پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی اور گندے پانی سے منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے معاہدہ کیا ہے۔ اس پروجیکٹ پر کوکا۔کولا فائونڈیشن کی جانب سے 80,000 ڈالر سرمایہ فراہم کیا گیا ہے ۔

اس منصوبے کے تحت دنیا کی سب سے بڑی کچی بستیو ںکی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود اورنگی ٹائون جس کی آبادی 25لاکھ آبادی پر مشتمل ہے ، وہاں شمسی توانائی سے چلنے والے پانچ فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں گے اور ان میں سے تیسرے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس پلانٹ کا افتتاح روٹری نیشنل چیئر عزیز میمن، ڈی جی اویس کہاری اور قطر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عنایت اللہ کنڈیرو نے مشترکہ طور پر کیا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز رواں سال کے اوائل میں ہوا جس کے تحت سندھ اور پنجاب کی کچی بستیوں کے 140,000 افراد کو پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر پلانٹ ایک دن میں دو شفٹوں میں پانی فراہم کرے گا اور ایک شفٹ میں پلانٹ سے 3ہزار گیلن پانی حاصل ہوگا۔ اس سے قبل ملیر میں سال 2014میں نصب کئے گئے ریورس اوسموسس پلانٹ کی بدولت خراب پانی سے پھیلنے والی بیماریوں میں 70فیصد تک کمی آئی تھی۔

اورنگی میں سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں نصب شمسی توانائی سے چلنے والے اس واٹر فلٹریشن پلانٹ سے 55,000 لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا اور ان کو صحت اور صفائی سے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ کوکا۔کولا اور روٹری کے اشتراک کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن پاکستان اور افغانستان کے جنرل منیجر رضوان خان نے کہا، ’’ ہمارے لئے یہ بات انتہائی باعث تشویش ہے کہ پاکستان دنیا کے ان دو ملکوں میں شامل ہے جہاں پولیو کا مرض موجود ہے۔

اس لئے ایک ذمہ دار کاروباری ادارے کے طور پر ہم نے خراب پانی کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان کی فلاح اور بہبود کے بھرپور عزم کے تحت ہم پائیدار ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور یہ ترقی ہماری قوم کی صحت سے منسلک ہے۔‘‘افتتاحی تقریب کے دوران پلانٹ کے آپریشن کے ذمہ دار ڈاکٹر عنایت اللہ کنڈیرو کو ایک علامتی چابی پیش کی گئی۔

پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر روٹری نیشنل چیئر عزیز میمن نے کہا ’’ شہر کراچی میں اورنگی ٹائون انتہائی زیادہ مسائل کا سامنا کرنے والے علاقوں میں شامل ہے ۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے علاقہ مکینوں کو درپیش صحت کے مسائل حل ہوں گے اور گندے پانی کے استعمال سے بچوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں سے سے تحفظ حاصل ہوگا ۔ ہمیں ’’ زندگی‘‘ پروجیکٹ جیسی مزید شراکت داریوں کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی مستقبل کو پولیو سے پاک پاکستان دے سکیں۔

سال 2018 میں اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور ہم 2019میں بھی پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔پینے کے صاف پانی تک رسائی کی بدولت شرح اموات میں نمایاں کمی آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا اور دور دراز علاقوں سے پانی لانے کے لئے خواتین کے وقت کی بھی بچت ہوگی ۔ مقامی لوگوں میں صفائی اور طبی تعلیم کے بارے میں آنے والی آگہی کی بدولت علاج معالجہ پر ہونے والے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔