سینٹرل جیل کراچی میں بہترین انتظامات ،سندھ حکومت چیف جسٹس سے شاباش لینے میں کامیاب

ہفتہ 12 مئی 2018 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) سنٹرل جیل کراچی میں کھانے اور علاج کی عمدہ سہولتیں مہیا کرنے پر سندھ حکومت چیف جسٹس آف پاکستان سے شاباش لینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سنٹرل جیل کے دورے کے موقع پر قیدیوں والا کھانا کھایا اور کھانے کے معیار اورعلاج کی سہولیات کو دیگر صوبوں سے بہتر قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سنٹرل جیل کراچی کا دورہ کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سنٹرل جیل کراچی کے انتظامات کو دوسرے صوبوں سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں پر کھانے کا معیار اور علاج کی سہولتیں اطمینان بخش ہیں جبکہ چیف جسٹس نے قیدیوں کو دیا جانے والا کھانا خود کھا کر بھی چیک کیا اور مختلف بیرکس میں قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور موقع پر حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سنٹرل جیل کراچی میں بہتر انتظامات کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن اور شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی اسی جیل میں قید ہیں ورنہ تھرپارکر اور مٹھی جیسے علاقوں میں خوراک کی قلت اور علاج کی سہولتیں ناپید ہونے کی وجہ سے متعدد ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔