Live Updates

عام انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کردیںگے ،ملک اسد سکندر

جامشورو کے عوام نے واضح کردیا ہے غداروں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں ،ہم مفادات کے نام پر لوٹا کریسی کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں، پی پی پی ر ہنماء

ہفتہ 12 مئی 2018 21:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے جامشورو سے رُکن قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر ملک اسد سکندر نے کہا ہے کہ2018ء کے الیکشن میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کردیںگے۔ جامشورو کے عوام نے واضح طورپر کہہ دیا ہے کہ غداروں کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم مفادات کے نام پر لوٹا کریسی کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں۔

وہ کوٹری سچل گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں بڑی تعداد میں علاقے کے لوگوں نے شرکت کی۔ جبکہ کوٹری سٹیزن آرگنائزیشن کی جانب سے آل سندھ جاوید چانڈیو کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بھی ملک اسد سکندر نے خطاب کیا ۔ ملک اسد سکندر اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بڑی ریلی کی صورت میں وہاں پہنچے جس پر لوگوں نے ان کا استقبال کیا اور آتش بازی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ارباب غلام رحیم کے دور سمیت کئی ادوار میں مجھ پر آزمائش کا وقت آیا لیکن جامشورو ضلع کے عوام نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اس لئے میں اپنے لوگوں کی محبت کا ہمیشہ مشکور رہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ جب جامشورو کے لوگوں کے گھر بلڈوز کئے گئے تو ہم ان کے ساتھ کھڑے تھے ۔ مجھے بھی مختلف ذرائع سے اربوں روپے کا لالچ دیا گیا لیکن میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا رہا اور میں مفادات اور موقع پرستی کی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ بھی ایک ریفرنڈم ہے ، یہاں کے عوام نے یہ بتادیا ہے کہ اب غداروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ یہاں صرف انصاف اور غیرت کا راج ہوگا۔ یہاں کے عوام نے جو محبت میرے ساتھ کی ہے اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام تر دباؤ کے باوجود ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کبھی ان کے مفادات پر سودے بازی نہیں کی ۔ ہم مرنا تو پسند کریں گے لیکن اپنے لوگوں کے ساتھ دھوکہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ میں نواز شریف اور عمران خان کی سیاست پر بھی بات کرسکتا ہوں لیکن اپنے لوگوں کی محبت کے آگے سیاسی بات کرنے کا دل نہیں کرتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم خود شکاری ہیں اور مخالفین کا شکار کرنا ہمیں اچھی طرح آتا ہے۔ یہاں کے عوام فکر نہ کریں چنگیزی سیاست کا مقابلہ بھی کریں گے اور اسے دفن بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھی ، پٹھان، مہاجر، ہندو ، کرسچن برادری سمیت دیگر لوگ ہمیں ہمیشہ ووٹ دیتے ہیں مخالفین بتائیں کہ آج ان کے ساتھ کون ہیں۔

یہاں کے عوام کھلے عام یہ کہتے ہیں کہ ہم گولی کھانے کو تیار ہیں لیکن ملک اسد سکندر کے ساتھ دھوکہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ 1985ء کے بعد سے اب تک کوئی بھی الیکشن دیکھ لیں ریکارڈ بتائے گا کہ ہم نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے۔ 2018ء کے انتخابات بھی مخالفین کیلئے تابوت ثابت ہوں گے۔ ایم پی اے گیان چند ایسرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں ملک اسد سکندر کی وجہ سے بڑی عزت ملی ہے، ہم 23 سال سے ملک اسد سکندر کے ساتھ ہیں ، ملک اسد سکندر نے تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے جب وہ وزیر تھے تو جامشورو ضلع کیلئے میگا اسکیمیں دیں ۔ ایم پی اے فقیر داد کھوسو نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں جامشورو سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک اسد سکندر کامیابی حاصل کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ لوگ جھولیں بھر کر انہیں ووٹ دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات