نوازشریف اپنی کرپشن بچانے کیلئے ملک کے خلاف غداری پر اتر آئے،چودھری پرویزالٰہی

پاکستان اور فوج کے خلاف شریف برادران کی ایک اور واردات سامنے آ گئی، ہر محب وطن پاکستانی ملک دشمنوں کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے،مخدوم پیر تقی نقوی سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے بھارت میں دہشت گردی کے حوالے سے نوازشریف کے انٹرویو پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی کرپشن بچانے کیلئے پاکستان سے غداری پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی پاکستان اور اس کی سلامتی و یکجہتی کی ضامن مسلح افواج کے خلاف ایک اور واردات سامنے آ گئی ہے۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر بلوٹ شریف کے سجادہ نشین پیر مخدوم تقی نقوی اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے طارق گورمانی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان، پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف اپنے غیر ملکی سرپرستوں کی مدد سے سازشوں میں مصروف مفاد پرست اس بات کو نہ بھولیں کہ پاکستان کے 20 کروڑ محب وطن عوام ان کی ہر ناپاک کوشش اور منصوبہ کو ناکام بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو پاکستان اور پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف زبان کھولتے ہوئے یاد رکھنا چاہئے کہ اسی ملک نے ان کو اس مقام پر پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے جو بھی کر لیں ان کی ہر سازش ناکام رہے گی، پاکستان کے عوام اس بات سے آگاہ ہیں کہ ایسے لوگ اپنے ذاتی مفادات کو ملکی و قومی مفادات پر ترجیح دے رہے ہیں اور اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے وہ پاکستان اور عوام کے خلاف کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔#