بنوں، کالعدم تنظیموں کیلئے پارلیمنٹ تک رسائی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ

بنوں پولیس وین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں عوامی نیشنل پارٹی خطے میں امن کی خواہاں جماعت ہے لیکن حکومتیں کالعدم تنظیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے ان کیلئے پارلیمنٹ تک رسائی کا راستہ ہموار کرنے میں لگی ہوئی ہیں،نائب صدر عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 13 مئی 2018 19:30

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر و سا بق سینیٹر حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کیلئے پارلیمنٹ تک رسائی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، بنوں پولیس وین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں عوامی نیشنل پارٹی خطے میں امن کی خواہاں جماعت ہے لیکن حکومتیں کالعدم تنظیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے ان کیلئے پارلیمنٹ تک رسائی کا راستہ ہموار کرنے میں لگی ہوئی ہیں، مختلف ناموں سے کالعدم تنظیمیں خود کو رجسٹرڈ کرا رہی ہیں اور اگر اس کا راستہ نہ روکا گیا تو ایک بار پھر تباہی مچے گی ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے فرزند حلقہ پی کے 87کے امیدوار حاجی تیمور باز خان و دیگر پارٹی ذمہ دار بھی موجود تھے حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل فاٹا کو صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں اسے نہ صرف نمائندگی بلکہ صوبائی کابینہ میں انہیں حصہ دیا جائے، صرف دو افراد فاٹا اصلاحات کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے جو فاٹا کو الگ صوبہ یا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی طرح الگ کونسل چاہتے ہیں، این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ ہونا چاہئے اور صوبے و مرکز کی طرف سے خصوصی پیکج کے ساتھ اسے صوبے میں ضم کیا جائے خواتین کی نمائندگی بھی فاٹا کو ملنی چاہئے حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایف سی آر کے خاتمے کی جانب یہ اہم قدم ہے اُنہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے علاوہ کوئی دوسرا نظام نہیں چل سکتا، انتخابات کا مقررہ وقت پر آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے آخر میں بنوں پولیس وین پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار اور زخمیوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔