حق سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیان پر ڈٹ گئے

صحافیوں کو ڈان اخبار کا متعلقہ حصہ پڑھنے کا مشورہ بھی دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 مئی 2018 11:09

حق سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیان پر ڈٹ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مئی 2018ء) : سابق وزیرا عظم نواز شریف اپنے بیان پر ڈٹ گئے اور کہا کہ میں حق کی بات کہنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ میں نےکیا کہا ہے مجھے تو یہ بتائیں، آپ اخبار نکالیں اور آرٹیکل پڑھیں۔نواز شریف نے کمرہ عدالت میں اپنے موبائل فون سےصحافیوں کو آرٹیکل پڑھ کر سنایا اور کہا کہ اس کی تصدیق میں نہیں کئی لوگ کرچکےہیں۔

جنرل مشرف،جنرل درانی اورجنرل پاشا بھی تصدیق کرچکےہیں، مجھے یہ بتائیں نان اسٹیٹ ایکٹر گئے یا نہیں۔سابق وزیراعظم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نےدہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے کو غدار قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا محب وطن وہ ہیں جنہوں نے اکہتر میں ملک توڑا؟ یا وہ جنہوں نے آئین توڑا۔

یا پھروہ ہیں جنہوں نے کراچی میں خون کی ہولی کھیلی۔اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں حق بات کہتاہوں چاہے کچھ بھی سننا پڑے۔ بھارتی کلبھوشن یادیو نے ہمارے ملک میں جاسوسی کی۔ میں نے پوچھا تھا کہ دہشتگرد 150 لوگوں کو مارنے کیوں گئے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ بولے حق بات کہتا ہوں اور کہتا رہوں گا۔ قومی، دینی اوراخلاقی فرض سے بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔