پی کے 39 سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ چند روز میںکروں گا، وسیم خان جدون

پیر 14 مئی 2018 14:15

ایبٹ آباد۔ 15 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ایبٹ آباد کی یونین کونسل شیخ البانڈی سے ممبر ضلع کونسل وسیم خان جدون کی طرف سے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے حوالہ سے منعقدہ بڑے مشاورتی جلسہ میں اہلیان علاقہ سمیت دیگر علاقوں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوام نے ممبر ضلع کونسل وسیم خان جدون کو حلقہ پی کے 39 سے الیکشن میں حصہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

وسیم خان جدون کی طرف سے اگلے چند روز کے اندر حلقہ پی کے 39- سے الیکشن میں حصہ لینے کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔ یونین کونسل شیخ البانڈی سے ممبر ضلع کونسل وسیم خان جدون نے آئندہ انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 39 سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اپنی رہائش گاہ پر مشاورتی جلسہ منعقد کیا جس میں حلقہ کے تمام علاقوں سے عوام کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ یونین کونسل شیخ البانڈی سے منتخب نمائندوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ممبر ضلع کونسل وسیم جدون کے حق میں فیصلہ دیدیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وسیم خان جدون سے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا بھرپور مطالبہ کیا اور انہیں اپنے مکمل جانی و مالی نقصان کی یقین دہانی کرائی۔ وسیم خان جدون نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل شیخ البانڈی سمیت دیگر علاقوں کے عوام کے وہ مشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کا دفاع کیا ہے، عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائی ہے۔

گذشتہ اڑھائی سالوں میں ضلع کونسل کو مفلوج رکھ کر اسے کوئی فنڈ نہیں دیئے گئے۔ باغی گروپ ضلع میں مرضی سے فنڈ لگا کر ہماری یونین کونسلوں کو نظر انداز کر رہا تھا لیکن ہم نے انہیں مرضی سے ہر فنڈ نہیں لگانے دیئے، اب ضلع کونسل کے پاس 87 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز موجود ہیں، اب یونین کونسل شیخ البانڈی کے تمام علاقوں کے مسائل حل ہوں گے۔