ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر قائم ہوں، چاہے جو کچھ بھی سہنا پڑے، حق بات کروں گا‘ جو کہا وہ مجھ سے پہلے پرویز مشرف، محمود درانی، رحمان ملک بھی کہہ چکے ہیں، اس میں کون سی غلط بات ہے‘ ممبئی ٹرائل مکمل کیوں نہیں ہوسکا ہمارے پاس بھی کم شواہد نہیں‘ کیا وہ محب وطن ہوگا جس نے 12مئی کا سانحہ کیا‘ کلبھوشن ایک جاسوس ہے جس نے پاکستان میں جاسوسی کی

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی پر میڈیا سے بات چیت

پیر 14 مئی 2018 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں، چاہے جو کچھ بھی سہنا پڑے حق بات کروں گا‘ جو کہا وہ مجھ سے پہلے پرویز مشرف، محمود درانی، رحمان ملک بھی کہہ چکے ہیں، اس میں کون سی غلط بات ہے‘ ممبئی ٹرائل مکمل کیوں نہیں ہوسکا ہمارے پاس بھی کم شواہد نہیں‘ کیا وہ محب وطن ہوگا جس نے 12مئی کا سانحہ کیا‘ کلبھوشن ایک جاسوس ہے جس نے پاکستان میں جاسوسی کی ۔

پیر کو نوازشریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بڑا جائز سوال اٹھایا ہے۔ اس موقع پر نو از شریف نے صحافیوں کو ڈان اخبار کا متعلقہ حصہ موبائل فون سے پڑھ کر سنایا اور کہا دیکھ لیں اس میں میں نے کیا کہہ دیا ایسا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم نے قربانیاں دیں، فوج نے قربانیاں دیں، 50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوئے، پھر بھی دنیا ہمارا موقف ماننے کو کیوں تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے کہتا آ رہا ہوں کہ ہمارے 50 ہزار لوگ شہید ہوئے، جس میں آرمڈ فورسز، پولیس اور شہری شامل ہیں، اتنی قربانیوں کے باوجود آخری دنیا ہمارا بیانیہ کیوں تسلیم نہیں کرتی، جو کچھ کہا ہے بہت سے لوگ اس حقیقت کو تسلیم کر چکے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ میں نے جواب مانگا تھا، میرے سوال کا جواب آنا چاہیے تھا، مجھ سے پہلے بہت سے لوگ بھی اس حقیقت کو تسلیم کرنے والوں میں شامل ہیں، یہی وہ چیزہے جس کی وجہ سے دنیا ہمارا بیانیہ سننے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا ہمارا بیانیہ تسلیم کرنے کو کیوں تیار نہیں، ہمارا بڑا جائز سوال ہے، میڈیا میں سوال پوچھنے والے کو غدار کہہ رہے ہیں، غداراس کو کہہ رہے ہیں جس نے ایٹمی دھماکے کیے۔ انہوں نے کہا کہ کیا محب وطن وہ ہیں جنہوں نے آئین توڑا کیا محب وطن وہ ہیں جنہوں نے ججوں کو دفاترسے نکالا کیا کراچی میں 12مئی کو خونی کھیل کھیلنے والے محب وطن ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں غدار کہلایا جارہاہے، میں حق بات کرتاہوں اور کرتا رہوں گا،حق بات کرنا قومی ، دینی اور اخلاقی فرض سمجھتا ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ پہلے بتایا جائے میں نے کہا کیا ہے ذرا ڈان اخبار نکال کر پڑھیں تو سہی۔ نواز شریف نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے، اس نے پاکستان میں جاسوسی کی۔