پی ٹی آئی نے منفرد طرز سیاست کے ذریعے ملک میں تبدیلی لانے کیلئے عوام کو متحرک کیا ، نتائج عام انتخابات میں واضح ہو جائینگے ،

مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے،صوبائی وزیر آبپاشی و کھیل محمود خان کا شمولیتی تقریب سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی منفرد طرز سیاست کے ذریعے ملک میں تبدیلی لانے کیلئے عوام کو متحرک کیا ہے جس کے نتائج 2018 ء کے عام انتخابات میں واضح ہو جائینگے ۔ وہ پیر کو گائوں گیرے یونین کونسل بیدرہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اے این پی اور مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ اہم رہنمائوں جن میں فریداللہ ، ارشد، واحد اللہ، محمد شیر، ہدایت اللہ ، اکبرباچا، لیاقت، نثار، ہمایوں لالہ ، انور، سلیم ، محمد اعظم ، فضل غفار، نورمحمد، نوراسلام، نادراور جہان شیرنے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اے این پی اور مسلم لیگ(ن) سے مستعفی ہو کر پی ٹی ائی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

محمودخان نے کہا کہ دیدہ دلیری سے جھو ٹ بولنے والے عناصر اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے کیونکہ عوام نے خیبرپختونخوا حکومت کی عوام دوست اور صاف و شفاف طرز حکمرانی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا اور سرکاری اداروں کو مستحکم اور فعال بنانا ہے اور خیبرپختونخوا حکومت نے اس ضمن میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کر لی ہیں اس کوبنیاد بنا کر پورے ملک میں وہی پالیسی بنائینگے جن سے نہ صرف کرپشن کا قلع قمع ہوگا۔

بلکہ غریب عوام کی کی تقدیر بھی بدل جائیگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور انتخابات میں مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی روایتی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے کوئی بھی شعور رکھنے والا شخص اس کی مخالفت نہیں کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی ہماری سیاسی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔