کرپشن اور اقرباء پروری کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کر دی ہے،ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم

پیر 14 مئی 2018 23:29

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں شرافت اور شائستگی کی ایسی نئی سیاست کی بنیاد رکھ دی ہے جس میں عوام کو زبانی جمع خرچ پر ٹرخانے اور کرپشن کے ذریعے ذاتی تجوریاں بھرنے کی بجائے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مہیا کرنے کا جادو چل سکتا ہے ہم نے کرپشن اور اقرباء پروری کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کر دی ہے اداروں کے استحکام کے علاوہ ریکارڈ قانون سازی ہمارے اخلاص کا منہ بولتا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سوات بیوٹی فیکیشن، لنک روڈز کی بروقت تکمیل اور سیدوہسپتال کی نئی عمارت سے متعلق دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں محکمہ بلدیات اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران، ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے چیف ایگزیکٹیو شیدا محمد، سیدو ہسپتال کے ایم ایس جہانگیر،ڈیس ایم ایس محمد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی چیئرمین ڈیڈک سوات نے ایم ایس جہانگیرخان کو ہدایت کی کہ سیدو شریف ہسپتال کی نوتعمیر شدہ عمارت کو جلد از جلد عوام کی سہولت کیلئے کھول دیا جائے کیونکہ یہ اس بڑے شہر میں علاج کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس عظیم الشان طبی منصوبے پر اب تک ایک ارب 12کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جبکہ دو ارب روپے کی لاگت سے طبی مشینری اور آلات کی خریداری کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے فضل حکیم خان نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ جلد از جلد اس بڑے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر مفاد عامہ کیلئے کھولا جائے تاکہ یہاں کے غریب عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیںانہوں کہا کہ صوبائی حکومت نے طبی سہولیات میں اضافے کیلئے اسے ہنگامی طور پر ضروری فنڈز فراہم کئے ہیں جس کے وجہ سے اب یہ اہم منصوبہ مکمل ہونے کو ہے چیئرمین ڈیڈک نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ منگورہ فضا گٹ بائی پاس، گراسی گرائونڈ، بجلی کے جدید پولوں کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس، شہر کے اطراف میں زیرتعمیر لنک روڈز اور نکاسی کے منصوبوں پر کام کی جلد تکمیل کیلئے شبانہ روز کام کیا جائے انہوں نے شہر کے مختلف چوراہوں پر سٹاپس اور انتظارگاہوں کی تعمیر اور خوبصورت سائن بورڈز کی تنصیب جلد مکمل کرنے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دیگر ترقیاتی منصوبے بھی اسی جذبے سے بروقت مکمل کئے جائیں گے۔