Live Updates

ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے، عملی طور پر اسلام میں محبت اور برداشت کے رویے کو اجاگر کیا ہے، مولاناعبدالغفورحیدری

پیر 14 مئی 2018 23:44

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولاناعبدالغفورحیدری اورمتحدہ مجلس عمل بلوچستان کے صدرمولانانوراللہ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے۔ جس نے عملی طور پر اسلام میں محبت اور برداشت کے رویے کو اجاگر کیا ہے۔ سیکولر عناصر کو پانچ دینی جماعتوں کے اتحاد نے واضح پیغام دیا کہ مشترکہ مشن کے لئے شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی اور اہل حدیث ایک پلیٹ فار م پر اکٹھے ہوسکتے ہیں۔

ہم نے فرقہ وارانہ رویوں کو بھی مسترد کرکے اجتماعی قیادت اور ایک امت کا تصور پیش کردیا ہے۔اب امت میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کی موت کا دن ہے۔وہ مینار پاکستان گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی دعویدار جماعت نے دوسری جماعتوںکے تمام کرپٹ سیاستدان اپنی جماعت میں اکٹھے کرلئے ہیں۔ نووارداور غیر تربیت یافتہ سیاستدان خلائی مخلوق کے ساتھ اتنے مل چکے ہیں کہ اب میاں اظہر والی ق لیگ لگنے لگے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی آمریت کا مقابلہ ایم ایم اے نے کیا ۔ اب وہ بھی عدالتی بھگوڑا ہو چکا ہے۔آج مشرف کا سیاسی وجود ہے اور نہ اس کی جماعت ق لیگ ، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کی شکل میں میاں اظہر مل گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے سے زیادہ جمہوری جماعت کوئی نہیں ہوسکتی ہے۔ جس کا منشور اسلام اور قرآن ہے۔انہوںنے کہاکہ آج کچھ قوتیں مغربی تہذیب کو قوم پر مسلط کرنا چاہتی ہیں غیور محب وطن مسلمان انہیں ناکام بنائیں۔

1940ء میں مینار پاکستان پر پیش کی گئی قراردار قوم اسلام پسندوں کیلئے نہیں بلکہ اسلامی حکومت کیلئے پیش کی گئی تھی قوم اسلام پسندوں کا ساتھ دے ،متحدہ مجلس عمل دین اور وطن کے دشمنوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرے گی انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں دیندار عوام سیا ست کے میدان سے بے دینی اورفحاشی پھیلانے والوں کا صفایا کر دیں گے انہوں نے کہا کہ مجلس عمل کا آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ بیرونی ایجنڈے پر کام کر نے اور پاکستان کو سیکولر قوت بنانے والوں کے ساتھ ہو گا مجلس عمل کا آج کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات