ادارے ملکر کام کریں تو ملک ترقی کریگا ،معیشت مضبوط ہوگی‘ملک رفیق رجوانہ

2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ خوشحال اور مستحکم ہے‘گورنر پنجاب کی گفتگو

منگل مئی 18:44

ادارے ملکر کام کریں تو ملک ترقی کریگا ،معیشت مضبوط ہوگی‘ملک رفیق رجوانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور اُن کی فلاح و بہبود حکومت کا منشور ہے، سیاست کو عبادت اور خدمت خلق سمجھ کر کیا جائے تو دُنیا و آخرت میں سُرخرو ہوا جاسکتا ہے،ادارے مل کر کام کریں تو ملک ترقی کرے گا اور معیشت مضبوط ہوگی،2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ خوشحال اور مستحکم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ کی زیر قیادت میں سیالکوٹ کی یونین کونسلزکے چیئرمین ، وائس چیئرمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا ہے تاکہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو ہر صورت حل کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہیں اور ہماری قیادت کارکنوں کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ سیالکوٹ تجارتی سرگرمیوں کا حب ہے اور ملکی معیشت میں اِس کا حصہ نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا میں سیالکوٹ کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی کے حوالے سے اپنی علیحدہ شناخت رکھتا ہے اور اِن اشیاء کی برآمد سے کثیر زرِمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ سیالکوٹ کو موٹر وے سے منسلک کیا جارہا ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس ، لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبین نے ملاقات کی۔ اِس موقع پر رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد خاں بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اساتذہ اور ملازمین کی تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے نیز اساتذہ اور طلباء کے مابین تعلقات کار کوبھی بہتر کیا جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبین نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ وہ ادارے کے معاملات کو بہتر بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائیں گی۔

Your Thoughts and Comments