غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج کی بربریت کھلی جارحیت ہے،تحریک لبیک پاکستان

عالم اسلام کے مسلمان رمضان المبارک میں مظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی مہم چلائیں،علامہ احمد رضا امجدی

منگل 15 مئی 2018 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) تحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان سندھ اور کراچی کے رہنمائوںعلامہ احمد رضا امجدی،علامہ رضی حسینی نقشبندی،علامہ بلال غازیانی نے مقبوضہ بیت المقدس میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بربریت کے روح فرسا واقعے کو امت مسلمہ کیلئے بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی شہداء کی لاشوں پر قائم ہونے والا امریکی سفارتخانہ انشاء اللہ مظلوم مسلمانوں کی بد دعائوں سے جلد زمین بوس ہوجائے گا،ان رہنمائوں نے فلسطینی شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سانحے میں زخمی فلسطینیوں کو غازی اقصٰی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان کے مسلمان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں،علامہ احمد رضا امجدی نے کہا کہ آج انسانی حقوق کے علمبردار اور بنیادی حقوق کے چیمپئن غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ ہونے ظلم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،ان رہنمائوں نے ہنگامی بنیادوں پر عرب لیگ سے غزہ کی صورتحال پر اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عرب اور اسلامی ممالک سیکہاہے کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کیجانب سے بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کیخلاف عملی قدم اٹھائیں اور امریکہ کی اس گھنائونی سازش کو ناکام بنائیں،رمضان المبارک میں عالم اسلام کے مسلمان بیت المقدس کی آزادی کیلئے اور مظلوم فلسطینیوں کی امداد اور بحالی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کریں۔