شاہد خاقان عباسی کا ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ،

او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی، وزیراعظم کا ہنگامی طور پر ترکی جانے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی منگل 15 مئی 2018 21:02

شاہد خاقان عباسی کا ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) وزیراعظم نے ہنگامی طور پر ترکی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ہنگامی رابطہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان رابطہ ٹیلی فونک تھا۔ اس دوران رجب طیب اردگان اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے فلسطین کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

دونوں رہنماوں نے فلسطین کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان نے بطور صدر او آئی سی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ طیب اردگان نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ امریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس 18 مئی کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ہوگا۔ اجلاس میں فلسطین پر اسرائیلی دہشت گرد فوج کے حالیہ مظالم اور امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقل کے حوالے سے اہم فیصلے لیے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ترک صدر رجب طیب اردگان کی او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی 18 مئی کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی کے دارالحکومت انقرہ جائیں گے۔

جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 18 مئی بروز جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین بھی منانے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ پرامن فلسطینیوں نے امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کیخلاف غزہ میں پرامن مارچ کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم اسرائیلی دہشت گرد فوج نے پرامن فلسطینیوں پر حملہ کرتے ہوئے درجنوں معصوم لوگوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔