وفاقی بیورو کریسی میں نئی تقرریاں ، رائو تحسین ڈی جی ریڈیو پاکستان ، وحید الدین چیف سیکرٹری آزاد کشمیرتعینات

ڈان لیکس سکینڈل میں معطلی کے باعث گریڈ 22 میں ترقی نہ پاسکنے والے افسر رائو تحسین کو 10مئی کو ڈی جی ریڈیو لگانے کی منظوری وزیراعظم نے دی ، پرنسپل سیکرٹری نے رائو کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ سیکرٹری اطلاعات ونشریات کو ارسال کیا

منگل 15 مئی 2018 23:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے انفارمیشن سروس کے گریڈ21کے افسر رائو تحسین کو ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان تعینات کردیا جبکہ پنجاب میں تعینات ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ21کے افسر وحید الدین کو چیف سیکرٹری آزاد کشمیر لگایا گیا ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وحید الدین کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

ڈی جی ریڈیو تعینات کئے جانے والے رائو تحسین حکومت پاکستان کے پرنسپل انفارمشین افسر تھے اور ڈان لیکس سکینڈل سامنے آنے پر سکینڈل کی انکوائری کیلئے قائم جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں معطل کیا گیا تھا ،رائو تحسین معطلی کے باعث گریڈ22میں ترقی نہ پا سکے اور دوسری طرف رائو تحسین نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے حصول کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا ، وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری حکم نامے کے مطابق رائو تحسین کو 10مئی کو ڈی جی ریڈیو لگانے کی منظوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دی اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے رائو تحسین کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ سیکرٹری اطلاعات ونشریات کو ارسال کیا ۔

(جاری ہے)

رائو تحسین آج (بدھ ) کو ڈی جی ریڈیو کے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔ رائو تحسین کی تعیناتی کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا تاہم وہ وزیراعظم آفس کے حکم نامے کی روشنی میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔واضح رہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ونشریات شفقت جلیل کے پاس ڈی جی ریڈیو پاکستان کا اضافی چارج تھا ۔