رینجرز کی جانب سے مشرف کالونی میں فری ڈسپنسری کا افتتاح کردیا گیا

بدھ 16 مئی 2018 17:57

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے بلدیہ ٹان کے علاقے مشرف کالونی میں فری ڈسپنسری کا افتتاح کردیا گیا۔ ڈسپنسری کو کراچی میں قیام امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہی قاسم شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق بدھ کے روز قاسم شہید ڈسپنسری کا افتتاح سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈئیر نسیم پرویز نے کیاجس کے قیام کا مقصد اس علاقے کے غریب اور متوسط طبقہ کے لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ڈسپنسری میں مردانہ و زنانہ اوپی ڈی، ڈٹینشن روم کے ساتھ ساتھ پولیو اور ای پی آئی ٹیمیں بھی موجود رہیں گی۔ اس کے علاوہ فری ادویات اور ایمبولینس کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ علاقے میں پانی کی مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے رینجرز کی جانب سے ڈسپنسری میں آراو پلانٹ لگانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ عوام نے رینجرز کی اس کاوش کوسراہتے ہوئے اسے نہایت مثبت اقدام قرار دیا۔