سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو ہٹانے کی درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے

درخواست گزار نے کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اور اس کی وجوہات بھی نہیں بتائیں ،ْعدالت عظمیٰ

بدھ 16 مئی 2018 18:19

سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو ہٹانے کی درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین نیب کو ہٹانے کی درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے۔سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر اعتراضات عائد کردیئے۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض میں کہا کہ درخواست گزار نے کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اور اس کی وجوہات بھی نہیں بتائیں، فراہم کیا گیا سرٹیفکیٹ سپریم کورٹ قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن )کے رہنما نور اعوان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 8 مئی کو نیب نے اعلامیہ جاری کیا کہ نواز شریف نے 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کیے، 21 ستمبر 2016ء کو اسٹیٹ بینک اس خبر کی تردید کرچکا تھا، اس جھوٹی خبر سے نیب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، موجودہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے ہوتے ہوئے نیب شفاف کام نہیں کرسکتا، عدالت چیئرمین نیب کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کرے۔