قرضے ہڑپ کرنے والوں کو سزا سمیت کرپشن کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے،ممتاز سہتو

بدھ 16 مئی 2018 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے 222 قرض معاف کرانے والے افراد کو نوٹس اور شہر میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام کے دلوں کی آواز قرار دیا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ قومی دولت کو ذاتی جاگیر سمجھ کر بد دیانت ٹولے نے قرضہ معاف، کرپشن سمیت ہیرا پھیری کے ذریعے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

کرپشن اور دہشت گردی کے شیطانی کھیل کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے۔ 222 قرضہ ہڑپ کرنے والوں کو نوٹس سے فرد واحد یا کسی ایک پارٹی کے احتساب ہونے کا تاثر بھی ختم ہوگا۔ عدلیہ نواز شریف کے علاوہ پانامہ لیکس میں شامل دیگر 435 افراد کے خلاف بھی کاروائی کوتیز کرے۔ جماعت اسلامی کے رہنماء نے کہا کہ بجلی بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ کے الیکڑک سے کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کراچی میں بجلی بحران پر نوٹس لیکر شہریوں کے دل جیت لئے ہیں۔