پاکستان کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 12:55

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) پاکستان نے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے حالیہ تشدد کی مذمت کئے جانے کا بیان جاری کرنے میں ناکامی کو افسوسناک قرار دیا ہے جو امریکی سفارتخانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی پر احتجاج کر رہے تھے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کے رکن ممالک کے سفیروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک تشدد کے واقعہ کو پوریی دنیا نے ٹی وی کی سکرینوں پر دیکھا اور بین الاقوامی برادری کے سامنے فلسطینوں پر بہیمانہ فائرنگ کا یہ واقعہ رونما ہوا جبکہ سلامتی کونسل امریکہ کی مخالفت کے باعث اسرائیل کی مذمت کا بیان تک جاری نہ کرسکی۔

(جاری ہے)

او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کا یہ ہنگامی اجلاس ترکی کی درخواست پر بنگلہ دیش نے طلب کیا۔ بنگلہ دیش ان دنوں او آئی سی کے وزراء کی کو نسل کا سربراہ ہے۔ پاکستانی مستقل مندوب نے فلسطین کے صدر محمود عباس کی طرف سے اس سال امن کانفرنس بلائے جانے کے مطالبہ کی حمایت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کی منتقلی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے کیونکہ مقبوضہ علاقہ میں جبر اور ظلم کے ذریعے سفارتخانہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ اسرئیل نے پیر کے روز امریکی سفارتخانہ کی مقبوضہ بیت المقدس میں منتقلی پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر شدید فائرنگ کی جس سے 60 فلسطینی شہید اور 2ہزار سات سو زخمی ہوگئے تھے ۔