میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کی تقریب میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کر دیا وہ اس منصوبے سے کتنے خوش ہیں‘ جمشید چیمہ

ناقص کارکردگی، پانامہ لیکس کے بعد نواز شریف کے بیانیے سے (ن) کا سیاسی ٹائی ٹینک مکمل ڈوب چکا ہے ‘ سینئر نائب صدر

جمعرات 17 مئی 2018 13:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر ،حلقہ این اے 136سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ذات کے لئے ملکی سلامتی کو دائو پر لگانے سے بھی دریغ نہیں کررہے ، (ن) لیگ سے وابستگی رکھنے والوں نے اس معاملے میں اپنا واضح موقف پیش نہ کیا تو انہیں عوام کے شدید غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ،اورنج ٹرین منصوبے کی آزمائشی سروس کی تقریب میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کر دیا کہ وہ اس منصوبے سے کتنے خوش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 136میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف بڑے اعدادوشمار والا بجٹ پیش کر کے تسکین حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

استعداد نہ ہونے کی وجہ سے محکموں کے فنڈز لیپس کر جاتے ہیں لیکن حیرانی ہے کہ اس کے باوجود ضمنی بجٹ کے نام پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے ۔

تحریک انصاف اقتدار میں آکر ان معاملات میں شفافیت لائے گی اور کسی کو بھی عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کو پانی کی طرح بہانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے تو سب سے پہلے انسانوں پر خرچ کرنا ہوگا۔ انہیں معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتیں دینا ہوں گی، امداد کے نام پر بھیک دینے کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑانے کے منصوبے ترتیب دینا ہوں گے ۔

پی ٹی آئی اس حوالے سے مکمل منصوبہ رکھتی ہے اور اس کیلئے ہوم ورک بھی مکمل ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہمیں اپنا ملک پاکستان اپنی جان سے بھی بڑھ کر عزیز ہے لیکن نواز شریف جو تین مرتبہ اس ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہی انہیں صرف اپنی ذات کو بچانا ہے اور اس کیلئے انہوں نے ملکی سلامتی کودائو پر لگانے سے بھی دریغ نہیں کیا ۔ حکومت کی ناقص کارکردگی اور پانامہ لیکس کے بعد نوازشریف کے بیانیے سے (ن) لیگ کا سیاسی ٹائی ٹینک مکمل طور پر ڈوب چکا ہے ۔