وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی تعاون تنظیم کے ساتویں غیر معمولی سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

اجلاس میں فلسطینی ریاست میں قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں سے پیدا شدہ سنگین صورتحال پر غور کیا جائے گا

جمعہ 18 مئی 2018 18:04

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی تعاون تنظیم کے ساتویں غیر معمولی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ساتویں غیر معمولی سربراہ اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے جو 18 مئی سے ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں فلسطینی ریاست میں قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں سے پیدا شدہ سنگین صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق غیر معمولی سربراہ اجلاس ترکی کے صدر نے او آئی سی سمٹ کے صدر نشین کی حیثیت سے طلب کیا ہے۔ سربراہ اجلاس میں غزہ کی پٹی میں تشدد کے تازہ ترین واقعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں قابض اسرائیلی افواج نے 60 سے زائد شہریوں کو بے رحمی سے شہید کر دیا اور خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پاکستان نے غزہ میں تشدد کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کانفرنس میں قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔