پنجاب میں الیکٹیبلز کی عدم شمولیت پر پیپلز پارٹی نے پلان بی پر عملدرآمد پر غور شروع کر دیا

پیپلزپارٹی انتخابات میں مضبوط آزاد امیدواروں کی حمایت کر سکتی ہے،کئی امیدوار انتخابات کے بعد شمولیت پر آمادہ ہوگئے ‘ ذرائع

جمعہ 18 مئی 2018 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں انتخابی محاذ کیلئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے آزاد امیدواروں پر نظریں جما لیں، کئی آزاد امیدوار انتخابات کے بعد پی پی میں شمولیت پر آمادہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی،سندھ کے بعد خیبرپختونخواہ میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہے تاہم پنجاب میں کوئی بڑی کامیابی نہیں مل سکی جس کے بعد آصف زرداری نے پلان بی پر عملدرآمد پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلان بی کے تحت پیپلزپارٹی عام انتخابات میں مضبوط آزاد امیدواروں کی حمایت کر سکتی ہے، پنجاب میں عوامی سطح پر پارٹی کی عدم مقبولیت آزاد امیدواروں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ کئی آزاد امیدوار انتخابات کے بعد پی پی میں شمولیت پر آمادہ ہوگئے ہیں اور پی پی قیادت نے بھی رابطے بڑھا دئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری جلد آزاد امیدواران سے ملاقاتیں کرکے ان کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ پر بات کریں گے۔