پنجاب یونیورسٹی اور چین کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کا تاریخ کے مضمون میں مشترکہ پی ایچ ڈی پروگرام کا آغاز

جمعہ 18 مئی 2018 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) پنجاب یونیورسٹی اورچین کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی نے تاریخ کے مضمون میں مشترکہ پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کے لئے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے حکام نے معاہدے پر چین میں دستخط کئے۔ نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی چین کی چالیس بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت چین کے پندرہ طلباء و طالبات ہر سال پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لیں گے یہ طلباء پہلے سال میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان سے اپنا کورس ورک مکمل کریں گے جبکہ اگلے تین سال نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی ،چن ہوانگ دو میں اپنے اپنے موضوعات پر تحقیق کریں گے۔

طلباء وطالبات کو دونوں یونیورسٹیوں سے سپروائزرز میسر ہوں گے۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے بھی طلباء و طالبات نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں تحقیق کرسکیں گے۔ اپنے بیان میں وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی چین کے اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان باہمی تعلقات کو بھرپور انداز میں فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی تاریخ شاندار اور لازوال دوستی پر مبنی ہے اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی تحقیقات اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔