Live Updates

مودی کے مقبوضہ کشمیر میں سیز فائر کی بات کرنے کے باوجود بربریت میں کوئی کمی نہیں آئی، بیرسٹر سلطان محمود

بھارت نے کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کرکے آبی دہشتگردی بھی شروع کر دی ہے، صدر آزاد کشمیر پی ٹی آئی

پیر 21 مئی 2018 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مودی ایک طرف تو مقبوضہ کشمیر میں سیزء فائرکی بات کرتا ہے جبکہ دوسری طرف اسکی بربریت میں کوئی کمی نہیں آئی۔یہ اسی طرح ہے کہ بغل میں چھری منہ میں رام رام۔بلکہ اسکی آڑ میں اس نے کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کرکے آبی دہشتگردی بھی شروع کر دی ہے۔

ان حالات میں پاکستان کو اسی طرح سے بھارت کو جواب دینا چاہیے۔ تاکہ بھارت کے مکروہ عزائم کی تکمیل نہ ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں کوٹلی روانگی سے قبل اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ایک طرف بھارت نے ریاستی وآبی دہشتگردی شروع کر دی ہے یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہے اور اسی کا وزیر اعظم جو کہ شاہد خاقان عباسی کے بقول نواز شریف ہی اس کا وزیر اعظم ہے وہ مودی کی باتوں کا جواز پیدا کرنے کے لئے ایسے بیانات دے رہا ہے جو کہ ملکی سلامتی کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور ایسی صورت میں صرف عمران خان ہی ملک میں وہ قیادت ہیں جو کہ پاکستان کے درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت کے پہلے سو دن میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے گا اور بھارت کے عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ اس سے یہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر سر فہرست ہے۔ اسکے لئے اقتدارمیں آتے ہی پیش رفت کی جائے گی۔پی ٹی آئی کی بریفنگ میں واضح ہو گیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سب سے اہم ایشو ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات