سرینگر‘جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین و حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مختار احمد وازہ کو کارکنوں سمیت بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا

منگل 22 مئی 2018 13:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین و حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مختار احمد وازہ کو کارکنوں سمیت بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کی تقریب میں کارکنوں کے ہمراہ شرکت کیلئے جارہے تھے کہ پولیس نے ناکہ لگا کر انہیں ساتھیوں سمیت گرفتا ر کرلیا۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین جموں و کشمیر پیپلز لیگ اعجاز رحمانی نے پارٹی چیئرمین مختار احمد وازہ اور دیگر پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی بوکھلاہٹ قرار دیا اور کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت کبھی سرد نہیں ہوگا۔ مختار احمد وازہ کارکنوں کے ہمراہ کشمیری لیڈرز میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کی تقریب میں شرکت اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جارہے تھے کہ ان پر بھارتی پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

پارٹی چیئرمین مختار احمد وازہ سمیت دیگر پارٹی کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوگا۔ آئے روز پارٹی چیئرمین کی بلا جواز گرفتاریاں بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔