معیشت کی مضبوطی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی کردار ہے، سینیٹر شاہین خالد،کمشنرافضال بھٹی

منگل 22 مئی 2018 17:58

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) وائس چیئرپرسن اوورسیزپاکستانیزکمیشن (اوپی سی)پنجاب ، سینیٹر شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے کہا ہے کہ سمندر پارمقیم پاکستانیوں کے مسا ئل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی کردار ہے اور وہ ایسے سفیر ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیاہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو وی آئی پی کا درجہ دیتی ہے اور او پی سی کے قیام کا مقصد ان کی شکایات کا فوری ازالہ ہے۔ شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے جلد از جلد حل کیلئے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے ، ان کمیٹیوں کے چیئرپرسنز ماہانہ بنیادوں پردواجلاسوں کا انعقاد یقینی بنائیں اور اجلاس کی کارروائی کو باقاعدگی سے او پی سی ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔ اجلاس کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور وائس چیئرپرسن اور کمشنر او پی سی نے ان کے حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔