ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور لوگوں کو سرکاری محکموں کی طرف سے فراہم کردہ خدمات تک بہ آسانی رسائی بہم پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، کمشنر ڈیرہ

منگل 22 مئی 2018 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور لوگوں کو سرکاری محکموں کی طرف سے فراہم کردہ خدمات تک بہ آسانی رسائی بہم پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ پرفارمنس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ٹانک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرزسمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکموں کے سربراہان نے محکموں کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ماہ مارچ و اپریل کے دوران محکمہ صحت ، تعلیم، مواصلات، ٹی ایم اے و دیگر محکموں کی طرف سے عوام کو بہتر سہولیات ، اعلیٰ ماحول، صفائی ستھرائی اور صاف پینے کے پانی کی سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے اپنی کارکردگی کی بہتری کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھائیں تاکہ اس کے ثمرات سے عام لوگ مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے ماہ مارچ و اپریل کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر رینکنگ کے لحاظ سے اول پوزیشن حاصل کرنے والے افسران کی تعریف بھی کی جبکہ دیگر افسران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری افسران قوم کے خادم کی حیثیت سے اپنی خدمات پیش کریں اور اپنے فرائض منصبی انتہائی دیانت داری سے سرانجام دیں، اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے عملے کی خدمات سے بھی استفادہ حاصل کریں اور دفاتر میں اپنی اور عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اپنے اداروں میں بہتر کارکردگی سرانجام دے کر ہی ہم ادارے کی نیک نامی کا سبب بن سکتے ہیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک کے قیام سے تمام آفیسرز اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے معاملات کی انجام دہی میں بھرپور کر دار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :