پاک سعودی معاہدے نے گریٹر اسرائیل منصوبہ دفن کر دیا ،سعودی عرب سے سفارتی نہیں، ایمان وعقیدے کا تعلق ہے ،طاہر محمود اشرفی

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:35

پاک سعودی معاہدے نے گریٹر اسرائیل منصوبہ دفن کر دیا ،سعودی عرب سے سفارتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاک سعودی معاہدے نے گریٹر اسرائیل منصوبے کو زمین کی تہہ میں دفن کر دیا ،سعودی عرب سے ہمارا سفارتی نہیں، ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے ،پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر ہے ،ہمیں اپنے اندر وحدت و اتحاد پیدا کرنا اور اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون میں پاک سعودی دفاعی معاہدے کے حوالے سے یوم تشکر پر جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاک سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ ہوا ہے،سعودی عرب کے ساتھ جو معاہدہ ہوا ہے، اس پر پہلے سے کام جاری تھا،یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی قومی سلامتی کو بڑھانے،خطے ودنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے،اس معاہدے سے امت مسلمہ کو پوری قوت ملے گی،ہمارے لئے یہ دفاعی معاہدہ اس لئے تقدس رکھتا ہے کہ اس میں حرمین شریفین کا دفاع شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد ایک عرب رہنما نے کہا کہ آج عید کا دن ہے ،حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز تمام اسلامی ممالک میں سے پاکستان کے حصے میں آیا ، جس پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف،فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ الٰلہ تعالی نے حرمین شریفین کی حفاظت کا اعزاز اس لیے عطا کیا ہے کیونکہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا ہے،پہلے دن سے ہم تحفظ الحرمین الشریفین پر کامل یقین رکھتے ہیں ،ارض حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،سعودی عرب سے ہمارا سفارتی نہیں بلکہ ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے، امت مسلمہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں دو ممالک ایسے ہیں جن کے اسرائیل سے تعلقات نہیں، ایک پاکستان اور دوسرا سعودی عرب ہے ،ان دو ممالک کے خلاف عالم کفر متحرک رہتا ہے، پاک سعودی معاہدے نے گریٹر اسرائیل منصوبے کو زمین کی تہہ میں دفن کر دیا اور مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے تمام ارادوں کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا وزیراعظم سعودی عرب کے دورے پر ہوتا ہے تو اپنے ملک میں پہلگام کا ڈرامہ رچاتا ہے تاکہ دنیا کو بتا سکے کہ پاکستان دہشت گردی کرواتا ہے،پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ ہمارا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے،اس واقعے کے بعد ہندوستان اور اسرائیل نے پاکستان پر حملے کا پلان بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جب قطر پر حملہ ہوا تو دنیائے اسلام کو احساس ہوا کہ ہمارا کیا حال ہوگیا ،قطر نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ اسرائیل ان کے رہائشی علاقے پر حملہ کرے گا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ابھی آگے اور بھی بہت سی خوشخبریاں آئیں گی لیکن ہمیں انتشار سے بچنا ہے ، اپنے اندر وحدت و اتحاد پیدا کرنا اور اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہے، معرکہ حق میں کامیابی کی وجہ سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلندہوا،جس سے ثابت ہوا کہ پاک افواج اپنے سے چار گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نماز پڑھتے ہیں، تو ہمارا رخ قبلہ کی طرف ہوتا ہے اور قبلہ سعودی عرب میں ہے، ہمارا سب کچھ ہی مکہ اور مدینہ میں ہے،کیا یہ وقت اپنی فوج پر ناز کرنے کا نہیں ہے ،ہمیں اپنے ملک و فوج پر ناز کرنا چاہیے کہ حرمین کا تحفظ پاکستان کی فوج سعودی عرب کے ساتھ مل کر کرے گی۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی فوج میں جانے والا جوان تنخواہ یا گھر کے لیے نہیں جاتا ،وہ اللٰہ کو راضی کرنے کے لیے شہید یا غازی بننے کیلئے جاتا ہے،ہم سر اونچا کرکے اس بات کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آج پاکستان کی فوج حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے سعودی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان و اسرائیل کا بس نہیں چلتا تو وہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتا اور نفرتیں پھیلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوتے ہیں، کبھی ان کے خاندان کا احساس ہوا ہے،اپنے ملک کی فوج اور سعودی عرب کی قیادت پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب انسان ہیں، فرشتے نہیں ،عالم، بیوروکریٹس، سیاستدان اور فوج سب ہم میں سے ہی ہیں،کسی کو اختلاف ہے تو فرد سے ہوگا، سب پر وہ نہیں ہوگا،پاکستان پر دو فتنے مسلط کیے گئے ہیں، ایک فتنہ الخوارج اور دوسرا فتنہ ہندوستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہیدذوالفقار علی بھٹو کوایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے، محمدنواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو میزائل ٹیکنالوجی متعارف کروا نے پر سلام پیش کر تے ہیں۔