امن بھائی چارے اور ملی یکجہتی کیلئے ضروری ہے کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ہم سب سے پہلے پاکستانی بنیں

معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج ٹھیکیدار خورشید بلوچ کی بات چیت

منگل 22 مئی 2018 21:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج ٹھیکیدار خورشید بلوچ نے کہا ہے کہ امن بھائی چارے اور ملی یکجہتی کیلئے ضروری ہے کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ہم سب سے پہلے پاکستانی بنیں کیونکہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کیلئے جو قربانیاں دی تھیں اور جس مقصد کیلئے اپنے گھر بار چھوڑے، لاکھوں مسلمان شہید ہوئے، ہزاروں مسلمان خواتین کی عصمت دری ہوئی جو کہ ایک عظیم مقصد کیلئے ہی کیا جا سکتا ہے اور وہ عظیم مقصد پاکستانیت کے نام پر ایک ایسی اسلامی ریاست کا قیام تھا جو روئے زمین پر ریاست (مدینہ) کے بعد ایک بڑی اسلامی ریاست (اسلامی جمہوریہ پاکستان) کے نام سیمعرض وجود میں آئی۔

لیکن بدقسمتی سے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ اس ملک میں نہ ریاست (مدینہ) جیسا نظام نافذ ہوسکا اور نہ وہ ثمرات عام لوگوں کو مل سکے جو مراعات یافتہ طبقے کو ملتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور طبقاتی نظام نے جڑیں پکڑ کر نہ صرف نظام کو کھوکھلا کر دیا ہے بلکہ امیر اور غریب کے درمیان فاصلہ بھی بڑھادیا ہے اور یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ صاحب اقتدار شخصیات یا تو انصاف کیلئے کچھ کر نہیں سکے یا چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نیکہاکہ اگر ایک ملک کے اندر اس قسم کا امتیازی سلوک روا رکھا جائے جو رنگ، نسل یا علاقائی اور لسانی بنیادوں پر متعارف ہوجائے تو پھر آوازیں اُٹھنا اور (ساڈھا حق ایتھے رکھ) جیسے مطالبات فطری عمل ہے جس سے نظریں چرانے والے نہ صرف احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں بلکہ وہ دورِ حاضر کے چیلنجز اورماضی کے تجربات سے بھی نا اشنا ہیں۔

متعلقہ عنوان :