ہیٹ اسٹروک کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،طبی ماہرین

کراچی انسٹیٹیو ٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم، ہیٹ اسٹروک مریضوں کو تمام طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،پروفیسراسدللہ حسینی

منگل 22 مئی 2018 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) کراچی انسٹیٹیو ٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کردیاگیا۔اسپتال لائے جانے مریضوں کو تمام طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پروفیسر اسداللہ حسینی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی۔شہری ہیٹ اسٹروک کے دوران بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کراچی انسٹیٹیو ٹ آف ہارٹ ڈیزیزکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر اسداللہ حسینی کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر KIHDمیں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کردیاگیا ہے۔

دس بیڈ پر مشتمل وارڈ میں آنے والے مریضوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یکم رمضان سے شروع ہونے والے ہیٹ اسٹروک کے دوران درجنوں مریضوں کوKIHD اسپتال لایا گیا جہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرز نے بروقت طبی امداد فراہم کرکے مریضوں کو اپنے گھر روانہ کردیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسداللہ حسینی کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کے دوران شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔باہر نکلنے کی صورت میں سر اور جسم کوگیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھا جائے جبکہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ شہری ڈھیلے ڈھالے ہلکے کپڑے پہنیں۔پانی ابال کر پیا جائے جبکہ مرغن غذائوں سے پرہیز کرتے ہوئے سادہ غذا کا استعمال کیا جائے۔