پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ،خدمت اپنا ایمان سمجھتی ہے ،سیدا قبال شاہ

کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں سے کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا،رہنماء پیپلز پارٹی بلوچستان

بدھ 23 مئی 2018 17:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سیدا قبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی خدمت کو اپنا ایمان سمجھتی ہے ، کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں سے کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی کوئی تبدیلی آسکتی ہے ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے،ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے ذریعے احتساب پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئین دینے والی جماعت پیپلز پارٹی ہی ملک کو غربت وافلاس اور مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں محترمہ شہید بے نظیر بھٹو اپنے کارکنوںکواپنی طاقت سمجھتی تھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے کارکنوں کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اورآنے والے انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں ۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں کی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالے گی اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریگی ۔