ڈاکٹر فاروق ستار کی سلیم حیدر کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت

تمام مہاجر ہمدرد ، کارکن اور عوام لیاقت آباد میں ہونے والے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں

جمعہ 25 مئی 2018 19:33

ڈاکٹر فاروق ستار کی سلیم حیدر کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر سے ٹیلی فون پر صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں ہفتے کو وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف لیاقت آباد میں کئے جانے والے ایم کیوایم پاکستان کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جسے ڈاکٹر سلیم حیدر نے مہاجر قوم کے وسیع تر مفاد میں قبول کرتے ہوئے تمام مہاجر کارکنوں ، ہمدردوں اور مہاجر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے کو لیاقت آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مہاجروں کو لعنت دے کر اپنے اندر کے تعصب اور گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا ہے جسے مہاجر برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ یا تو مہاجر قوم سے معافی مانگیں یا پورے سندھ میں احتجاج کیا جائے گا۔ مہاجر نہ تو کسی دھونس یا دھمکی میں آئیں گے اور نہ ہی اپنے مقصد اور اپنی منزل سے لاتعلقی اختیار کریں گے۔

اس طرح کی دھمکیوں اور گیدڑ بھپکیاں پہلے بھی دی جاتی رہی ہیں ، ہم نے ہر دو رمیں ان کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ علیحدگی پسندوں کے ہیڈ کورٹر دادو میں رہنے والے مراد علی شاہ روز اول سے مہاجر دشمنی میں ڈوبے ہوئے ہیں ، وہ پاکستان کا پرچم لہرانے والی پنوعاقل کی چھاؤنی کیخلاف تحریک چلانے والے اور علیحدگی پسندوں کے لعنت دینے کے بجائے انہیں درپردہ سپورٹ کرتے ہیں لیکن اب وہ اسمبلی کے فلور پر مہاجروں کیخلاف زہر اُگل کر ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مہاجر صوبہ اب مہاجروں کی منزل و مقصد بن چکا ہے اس سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ جس قدر جلدی ہوسکے مہاجر صوبے کا فیصلہ کرلے ہم وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے صوبے کا آئینی اور قانونی اور قانونی مطالبہ کررہے ہیں ۔