تحریک انصاف نے نئی حلقہ بندیوں کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

ہفتہ 26 مئی 2018 15:15

تحریک انصاف نے نئی حلقہ بندیوں کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) تحریک انصاف نے نئی حلقہ بندیوں کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی 151اور پی پی 160کی نئی حلقہ بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بیس اپریل کو پی پی 151اور پی پی 160کی حلقہ بندیوں سے متعلق خلاف قوانین فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے حلقے کو دو سے زائد حلقوں میں تقسیم کیا، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے اعتراضات کو دور نہیں کیا، درخواست گزار کے حلقے کو مختلف حصوں میں بانٹ دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی 151 اور 160 کی گئی حلقہ بندی کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔