قوم کی تقدیر نظام مصطفیٰﷺ سے ہی بدلے گی، چور کرپٹ خائن اور بدعنوان حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، صاحبزادہ زبیر

اتوار مئی 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان ،ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ قوم کی تقدیر نظام مصطفیٰﷺ سے ہی بدلے گی، چور کرپٹ خائن اور بدعنوان حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، انتخابات میں ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

مدینہ مسجد لیاقت کالونی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ مغربی استعماری قوتوں کے ایجنٹ پاکستان میں انتشارکو ہوا دے کر اپنے مفادات پورے کرنے چاہتے ہیں قوم ان ملک دشمن بھارت نواز سیاست دانوں کے مکروہ چہروں کو پہچان چکی ہے عصبیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کے بت پاش پاش ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین راء کا ایجنٹ ہے یہ بات میرے قائد علامہ شاہ احمد نورانی نے سب سے پہلے کہی تھی آج ساری قوم اس کی تصدیق کررہی ہے اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان ملک دشمن اور قومی وقار کا سودا کرنے والوں کے خلاف ڈٹ جائے اور انتخابات میں ختم نبوت کے وفاداروں ناموس رسالت کے محافظوں کو ووٹ دے نظام مصطفیٰ محاذ قوم کا حقیقی ترجمان ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک اور قوم سے غداری کی بھارت کے مکروہ عزائم کو تقویت پہنچائی ختم نبوت قوانین سے چھیڑ چھاڑ کی جنسی بے راہ روی کے قوانین بنائے عاشق رسول کو تختہ دار پر چڑھایا یہی وجہ ہے کہ آج نواز شریف اللہ کی پکڑ میں ہے اور ذلت اور رسوائی اس کا مقدر بن چکی ہے، انہوں نے کہا کہ سیکولر اور لبرل ایجنڈے کے خلاف قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے اور نظام مصطفے ﷺ کو اقتدار میں لانے کیلئے اہلسنت کے گرینڈ الائنس نظام مصطفیٰ ﷺ محاذ کو کامیاب کرائے انشاء اللہ اس ملک میں رسول اللہ کا نظام نافذ ہو کر رہے گا۔