ساہیوال، ڈیڑھ کروڑ کے بوگس چیک کی ادائیگی، حفاظتی ضمانت منسوخ ہونے پر پیپلز پارٹی کے رہنماء رانا عامر شہزاد گرفتار

پیر 28 مئی 2018 16:13

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) ڈیڑھ کروڑ رو پے کا بوگس چیک دینے کے مقدمہ میں ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر پیپلز پارٹی کے امیدوار این اے 147رانا عامر شہزاد کو تھانہ سٹی ساہیوال نے گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

رانا عامر شہزاد سابق تحصیل ناظم نے نور شاہ کے ایک بیوپاری فیاض بھٹی کوڈیڑھ کروڑ کروڑ رو پے کا چیک 20مئی 2013کو دیا جو بنک نے بوگس قرار دے دیا جس کے بعد با اثر رانا عامر شہزاد کے خلاف پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی تھی کہ عدالت کے حکم پر 5اکتوبر 2017کو مقدمہ تھانہ سٹی پولیس ساہیوال نے درج کر لیا جس کے بعد ملزم نے سیشن کورٹ ساہیوال سے حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری کرالی جسے عدالت نے منسوخ کر دیا تو ملزم عدالت سے فرار ہو گیا ۔

جس پر ہائی کورٹ سے ملزم نے حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری کرائی جسے عدالت نے آج منسوخ کر دیا اور پولیس نے ہائیکورٹ کے جج کاظم شمس کی عدالت سے باہر آتے ہی گرفتار کر لیا۔