وزیراعظم نے فاٹا میں نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے منصوبے کا افتتاح کر دیا

فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاک فوج کی معاونت سے منصوبہ پر عملدرآمد کریگی

پیر 28 مئی 2018 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی آفس (یو این او سی ٹی) کے اشتراک کار سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فاٹا میں نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاک فوج کی معاونت سے منصوبہ پر عملدرآمد کریگی۔

منصوبہ کے تحت 35 سال سے کم عمر مرد و خواتین کو فاٹا میں دہشت گردی سے متاثرہ 100 نوجوانوں کو ووکیشنل تربیت اور سائیکو۔سوشل معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں پائیدار روزگار تک رسائی ہو اور دہشت گردوں کے پروپیگنڈہ اور ان کی بھرتی کے خلاف کاوشوں کو تقویت دی جا سکے۔ اس ضمن میں بیروزگار اور معذور نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایف آر کوہاٹ اور ایف آر پشاور سے 20 فیصد تربیتی نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں جبکہ 10 فیصد نشستیں معذور افراد کیلئے مختص ہیں۔

مرد امیدواروں کو موبائل کی مرمت، آٹو کیڈ، کمپیوٹر آپریٹر، انڈسٹریل الیکٹریشن، سول سروے جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ خواتین امیدواروں کے شعبہ میں ٹیلرنگ، سلائی کڑھائی شامل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فاٹا کے نوجوانوں کی سماجی اقتصادی بہبود کیلئے وزیر مملکت اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان، پاک آرمی بالخصوص 11 کور پشاور، وزارت خارجہ امور اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔

انہوں نے منصوبہ کیلئے فنڈز کی فراہمی پر یو این او سی ٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ فاٹا کے کے پی کے میں انضمام سے متعلق حالیہ بل کا فاٹا کو قومی اقتصادی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔