پر امن افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے ، سپیکر قومی اسمبلی

جرمنی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پرپاکستان کی جمہوریت کے استحکام اور اقصادی تر قی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی حمایت جار ی رکھے گا ، پاکستان اور افغانستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندے کی سردارایازصادق ے ملاقات میں گفتگو

منگل 29 مئی 2018 21:55

پر امن افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے ، سپیکر ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور پر امن افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان اور افغانستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندے Mr. Markus Potzelسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان میں جرمنی کے سفیر Mr. Martin Kobler بھی موجو د تھے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی میں گہرے دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں جن کو طویل مدتی پارلیمانی و اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت ،اراکین پارلیمنٹ اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

خطے او رعالمی معاملات پر تبادلہ خیالات کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا مخلص او رحقیقی دوست ہے اور دونوں ممالک میں پارلیمانی اور سیاسی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر دونوںاقوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

افغانستان میں استحکام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مستحکم تعلقات اور خطے کے امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس ناسور کی وجہ سے پوری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ناسور کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین قریبی تعاون اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد کے دورہ افغانستان سے متعلق بھی خصوصی نمائندے کو آگاہ کیا اور دورے کے دوران افغانی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بتائیں ۔سپیکر نے دسمبر 2017میں اسلا م آباد میں منعقد ہونے والی پہلی 6ملکی سپیکر کانفرنس جس میںپاکستان کے علاوہ روس،ترکی،ایران،چین اور افغانستان نے شر کت کی کے اغراض و مقاصد سے خصوصی نمائندے کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میںخطے میں دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے اور خوشحالی اور تر قی کے لیے قریبی تعاون پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔

افغانستان پاکستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندے Mr. Markus Potzel نے سپیکر کے تاثرات کو سر اہاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دیتا چاہتی ہے ۔انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی تجارتی برادری اور ارکان پارلیمنٹ کے مابین مسلسل رابطے دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہو نگے ۔انہوں نے کہا کہ جرمنی پورپ کی بڑی اقتصادی قوت ہے او ر پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور قریبی تعلقات چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ جرمنی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پرپاکستان کی جمہوریت کے استحکام اور اقصادی تر قی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی حمایت جار ی رکھے گا ۔