کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں، میر واعظ کا عوامی مجلس عمل کے اجلاس سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 17:44

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فوم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحا د اتفاق کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی کو اجتماعی طور پر آگے بڑھانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کریں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں عوامی مجلس عمل کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گزشتہ جمعہ کو بھارتی فورسز کی طرف سے نوہٹہ میں پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور جامع مسجد سرینگر کی بے حرمتی کی شدید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ ہر جمعہ کو جان بوجھ کر جامع مسجد کے اطراف میں بھارتی فورسز کو تعینات کر کے ماحول کو کشیدہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رواں تحریک آزادی ، موجودہ سیاسی و تنظیمی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ مہاجر ملت میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ صاحب کا ۱۵ویں یوم وصال منانے کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں تمام ائمہ مساجد، خانقاہوں، آستانوں اور امام باڑوں کے ذمہ داروں اور اور عام لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ 17 ماہ رمضان المبارک کو پانچ وقت کی نمازوں میںمیر واعظ مرحوم مولوی محمد یوسف شاہ اور شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی ، غلبہ اسلام اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔