پولیس افسران و جوان شہریوں سے حسن اخلاق اور مہذب طریقے سے پیش آئیں،انسپکٹر جنرل پولیس سلطان اعظم تیموری

بدھ 30 مئی 2018 20:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ پبلک سروس گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کریں، شہریوں سے حسن اخلاق اور مہذب طریقے سے پیش آئیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا جائے، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی پروگرام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ اسلام آباد کو حادثات سے پاک شہر بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں آئی ٹی پی کے افسران و جوانوں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید، ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید سمیت افسران و جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی اسلام آباد نے افسران و جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ آئی ٹی پی کے افسران و جوان پبلک سروس گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کریں اورشہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، آئی ٹی پی کے افسران و جوان دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق اورمہذب طریقے سے پیش آئیں،پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان کی پالیسی کو اپنائیں، ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم نے روڈ کے اوپر ڈسپلن کو برقرار رکھنا ہے اوراس پلیٹ فارم سے اسلام آباد کی شاہراہوں کو حادثات سے پاک کرنا ہے ہم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر کام کرنا ہے روڈ سیفٹی اورٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی پروگرام کو مزید بہتر سے بہتر بنانا ہے ہم نے قانون پر عمل در آمد کروانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی خدمت کرنی ہے روڈ پر زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ،اس موقع پر آئی جی پی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کے ذاتی اور محکمانہ مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :