کتب کی تمام مذاہب میں خاص اہمیت ہے‘ سیف الرحمان

کتابیں اصلاحی معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں‘ ولی اللہ خان کا کتب میلے سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہ تمام مذاہب میں کتاب کی بہت اہمیت ہے کتاب سیدھا راستہ دکھاتی ہے اور ہم میں برداشت کا حوصلہ پیدا کرتے ہوئے جہالت کی تاریکی کو دور کرتی ہے۔ وہ مقامی ہال میں معروف اشاعتی ادارے فرید پبلشرز کے زیر اہتمام 32 ویں کتب میلے کے دوسرے ہفتے کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

جس کی صدارت ممتاز ادیب و شاعر و نقاد سرور جاویدنے کی جبکہ تقریب سے ایس ایم ای فاؤنڈیشن کے صدر ولی اللہ ، ایم پی اے محفوظ یار خان، سید عادل ابراہیم، روبینہ ممتاز، سہیل عابدی ، علامہ محمود الحسن حسینی، مسعود حیات، علی حسن ساجد اور پروفیسر اعجاز فاروقی سیکریٹری آرٹس کونسل نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کراچی میں علم کے فروغ کے لئے اس طرح کے کتب میلوں کا انعقاد کرے گی اور کراچی میں قائم تمام لائبریریوں کو فعال کرے گی تاکہ لوگ اس سے فیضیاب ہوسکیں۔

اس موقع پر ولی اللہ خان نے کہا کہ ایس ایم ای فاؤنڈیشن آئندہ کتب میلوں کے سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی کیونکہ کتابیں ہی معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بحیثیت مسلمان ہمارا رشتہ بھی کتاب سے ہے جس کا نام قرآن ہے جو ایک مکمل ضابطہ حیات بھی ہے اور رہنمائی کا ذریعہ بھی ہے۔ فرید پبلشر کا کتب میلہ شہر کی دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں ایک ممتاز مقام حاصل کرچکا ہے۔

صاحب صدر سرور جاوید نے کہا کہ کتب میلے کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاتا ہے کہ ایکسپو میں ہونے والے کتب میلے میں 3 کروڑ روپے کی کتابیں فروخت ہوئی ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے اور ثبوت ہے کہ لوگ کتابیں پڑھنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر میزبان فرید حسین نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتب میلہ یکم رمضان سے چاند رات تک جاری رہتا ہے ہمیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ آکر کتابیں دیکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :