ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین کی زیر صدارت اہم اجلاس․

محدود وسائل کے باوجود 450 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سنٹر کو فعال بنانا بڑا کارنامہ ہے،میجر (ر) جنرل آصف علی خان

جمعرات 31 مئی 2018 14:55

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین میجر جنرل (ر) آصف علی خان کی زیر صدارت ہسپتال میں طبی اور انتظامی امور سے متعلق اہم اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ ہسپتال ڈائریکٹر، میڈیکل ڈائریکٹر اور ڈین کے ساتھ تمام شعبوں کے سربراہان نے میٹنگ میں شرکت کی۔ کلینیکل ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں طبی شعبوں کے تمام سربراہان نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ ہسپتال مینجمنٹ کمیٹی کے تمام منیجرز نے چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنر اور ڈائریکٹرز نے شروع سے ہی اپنی اولین ترجیح مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو رکھا، اس لئے سب سے پہلے شعبہ حادثات اتفاقیہ کی آرائش و توسیع، میڈیکل آئی سی یو کی آرائش و توسیع، نیورو سرجیکل آئی سی یو کا قیام، سی سی یو کی توسیع اور عورتوں اور بچوں کے 450 بستروں کے ہسپتال کو فعال بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے تمام انتظامی و مالی امور اور مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ کمپیوٹرائز کیا گیا اور اب ہسپتال انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعہ نہ صرف تمام ریکارڈ محفوظ ہے بلکہ مریضوں کے وقت کی بچت اور ادارہ کو مالی بچت بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں کیلئے جدید مشینری خریدی گئی جیسا کہ لتھوتراپی جس سے لیزر کے ذریعہ پتھری کو نکالا جاتا ہے، ہائی ڈیفی نیشن، انڈو سکوپی مشین، جگر کی نالیوں کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کیلئے ای آر سی پی کی خریداری، پتھیالوجی اور ریڈیالوجی میں جدید مشینوں کے علاوہ ڈیجیٹل ایکسرے کی خریداری بھی شامل ہے جو اگلے ہفتے اپنا کام شروع کر دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے بحریہ دختر خواں کی جانب سے مریضوں کو ہسپتال کے اندر تین وقت کا کھانا مفت مہیا کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ ایمرجنسی اور تمام داخل مریضوں کیلئے تمام ادویات اور تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولیات بالکل مفت موجود ہے۔ جنرل آصف نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اور حکومت کی طرف سے بغیر کسی مدد کے ہم نے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سنٹر کو فعال بنایا، 450 بستروں کے ہسپتال کو فعال بنانا اتنا آسان نہیں تھا، وسائل نہ ہونے کے برابر تھے لیکن دوسرے سول ورکس اور تزئین و آرائش کے بجٹ کو نکال کر اس پراجیکٹ میں لگایا گیا جس سے علاقہ کے بچوں اور عورتوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :